دنیا
Time 06 ستمبر ، 2022

روس کا پابندیاں اٹھائے جانے تک یورپ کیلئے گیس سپلائی بحال نہ کرنے کا اعلان

روس کا پابندیاں اٹھائے جانے تک یورپ کیلئے گیس سپلائی بحال نہ کرنے کا اعلان

روس نے اعلان کیا ہے کہ اس پر عائد اقتصادی پابندیوں کو ہٹائے جانے تک یورپ کے لیے گیس سپلائی کو بحال نہیں کیا جائے گا۔

روسی صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی ممالک بشمول جرمنی اور برطانیہ نے ہمارے ملک پر اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ان پابندیوں کے باعث روس Nord Stream 1 پائپ لائن کے ذریعے گیس فراہم نہیں کرپارہا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے اس پائپ لائن سے گیس کی مکمل فراہمی کا انحصار مغرب کی جانب سے عائد پابندیوں کو ہٹائے جانے پر ہے۔

ترجمان کے مطابق مغربی ریاستوں کی پابندیوں کی وجہ سے ہم اس صورتحال کو دیکھ رہے ہیں۔

اس سے قبل 2 ستمبر کو روسی ادارے Gazprom کی جانب سے اس پائپ لائن سے گیس سپلائی غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

روسی ادارے کے مطابق پائپ لائن کے ٹربیون میں خرابیوں کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا۔

اس کا کہنا تھا کہ مغربی پابندیوں کی وجہ سے گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کیونکہ مغربی کمپنیاں پائپ لائن کی مرمت کے لیے تیار نہیں۔

واضح رہے کہ یہ پائپ لائن یورپ کی توانائی ضروریات کے لیے بہت اہم ہے اور گیس کی فراہمی متاثر ہونے سے مختلف یورپی ممالک کو توانائی بحران کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :