07 ستمبر ، 2022
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان نے افغانستان کا 130 رنز کا ہدف آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کیا۔
افغانستان کے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی9 وکٹیں 118رنز پر گر گئی تھیں، بابر اعظم صفر، فخر زمان 5 اور محمد رضوان 20 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ افتخار 30 اور شاداب خان 36 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
پاکستان کو6 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے نسیم شاہ نے افغان بولر فضل حق فاروقی کو مسلسل 2 چھکے مار کر پاکستان کو کامیابی دلادی۔پاکستان کی فتح کے بعد سری لنکا بھی سپر فور مرحلے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچ گیا۔
میچ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ٹوئٹر پر افغانستان کے خلاف 2 چھکے مار کر جیت دلانے والے نسیم شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'میں ہمیشہ جانتا تھا کہ میرا بھائی کسی خاص چیز کے لیے بنا ہے، اور یہ بہت خاص تھا'۔
اس کے علاوہ شاہین آفریدی نے پاکستان ٹیم کیلئے فائنل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔