دنیا
Time 09 ستمبر ، 2022

برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس کا قوم سے پہلے خطاب میں آنجہانی ملکہ کو زبردست خراج عقیدت

فوٹو: بی بی بی اسکرین گریب
فوٹو: بی بی بی اسکرین گریب

برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوئم نے قوم سے اپنا پہلا خطاب کرلیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد برطانیہ کے نئے بادشاہ بننے والے چارلس سوئم نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ میں بہت زیادہ دکھی احساسات کے ساتھ آپ سے بات کر رہا ہوں، ملکہ برطانیہ الزبتھ ایک متاثرکن شخصیت تھیں، انہوں نے اپنی زندگی لوگوں کی خدمت کے لیے وقف رکھی۔

ویڈیو خطاب میں بادشاہ چارلس نے  آنجہانی  والدہ ملکہ الزبتھ دوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ نے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کے لیے بہت قربانیاں دیں ، ان کی لگن اور محنت کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ملکہ کو روایات سے پیار تھا،میں اپنی والدہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتاہوں، میری والدہ کا ان کی قربانیوں، لگن کا بہت شکریہ۔

اس کے علاوہ بادشاہ چارلس نے  بیٹے ولیم اور بہو کیٹ کو پرنس اینڈ پرنسس آف ویلز بنانے کا اعلان بھی کیا۔

گزشتہ روز برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ انہوں نے 70 سال تک برطانیہ پر حکمرانی کی۔

 ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد ان کے سب سے بڑے بیٹے چارلس برطانیہ کے نئے بادشاہ بنے ہیں۔

مزید خبریں :