12 ستمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے چیئر مین رمیز راجہ کا قومی ٹیم کی ایشیا کپ کے فائنل میں شکست کے بعد ردعمل سامنے آگیا ہے۔
رمیز راجہ گزشتہ روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل دیکھنے کے لیے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے تھے۔
تاہم میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نےصحافی کو طنزیہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب 38 رنز رہ گئے تھے 6 گیندوں پر تب لگا میچ ہاتھ سے نکل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیت ہار ہوتی ہے، کیچز ڈراپ ہوئے ،اس وجہ سے پوزیشن کمزور ہوئی، بیٹنگ کا ردھم نہیں بنا، ہمارے بیٹرز کو چاہیے کہ اسپنرز کو اچھے طریقے سے کھیلیں،ناک آؤٹ میچ کا کوئی پریشر نہیں تھا یہ ٹیم ورلڈ کپ جیتے گی۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ٹیم کو پیغام ہے اسی طرح اچھی کرکٹ کھیلتے رہیں، بڑے میچ جیتیں گے، فائنل تک پہنچ گئے بڑی بات ہے، فینز اس ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں.بڑی مشکل سے یہ ٹیم ملی ہے جسکو ہم مارکیٹ کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے بھارتی صحافی سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ بھارت سے ہوں گے، آپ لوگ پاکستان کی شکست پر تو بہت خوش ہوں گے۔