کھیل
Time 12 ستمبر ، 2022

آصف کے ایک دو چھکوں کیلئے اسے کتنے میچز دیں گے؟ حفیظ کی مڈل آرڈرپر تنقید

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ایشیا کپ کے فائنل میں شکست کے بعد قومی ٹیم کی سلیکشن پر سوالات اٹھائے ہیں۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حفیظ نے کہا 'ہم لہولہان ہو چکے ہیں لیکن بات نہیں ماننی کہ ٹیم کا مڈل آرڈر 4،5 اور 6 ہمارا مسئلہ ہے'۔

حفیظ نے کہا 'میں یہ نہیں کہتا کہ یہ کھلاڑی برے ہیں لیکن اگر یہ پرفارمنس نہیں دیتے تو ہمارے پاس اور بھی بندے موجود ہیں، شعیب ملک ہے اسے کیوں نہیں کھلارہے؟ حیدر علی ہمارے پاس ہیں اسے کھلائیں'۔

انہوں نے کہا 'حیدر علی کے ٹیلنٹ کو کیوں ضائع کر رہے ہیں، اگر  آپ کو اسے تیسرے نمبر پر نہیں کھلانا تو چوتھے، پانچویں پر کھلائیں، یہ سب ہمارے اپنے ہیں لیکن آصف علی کے ایک یا دو چھکوں کے انتظار کے لیے اسے کتنے میچز دیں گے؟'

اس کے علاوہ محمد حفیظ نے ٹیم کی شکست پر کی گئی اپنی ٹوئٹ میں کہا 'پاکستان کو اپنی اس ہار سے سبق سیکھنا چاہیے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹیم بنانے کے لیے فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے'۔


مزید خبریں :