Time 13 ستمبر ، 2022
کھیل

انگلینڈ سے سیریز اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، قومی اسکواڈ میں کیا تبدیلیاں متوقع؟ اعلان کب ہوگا؟

بیٹنگ لائن اپ کے کمبی نیشن کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اسکواڈ میں دو وکٹ کیپرز کی شمولیت بھی ممکن ہے— فوٹو: فائل
بیٹنگ لائن اپ کے کمبی نیشن کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اسکواڈ میں دو وکٹ کیپرز کی شمولیت بھی ممکن ہے— فوٹو: فائل

انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان اگلے دو روز میں کیاجائے گا  جبکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے بھی اسکواڈ کی لسٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر  ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 20 ستمبر سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے۔

مہمان ٹیم 15 ستمبر کو پہنچے گی جبکہ قومی اسکواڈ 16 ستمبر کو کراچی میں اکٹھا ہو گا۔ سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان دو روز کے اندر متوقع ہے  جبکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ بھی 15 ستمبر ہے جس میں توسیع کیلئے  تاحال آئی سی سی سے رابطہ نہیں کیا گیا۔

ایشیا کپ میں بیٹرز کی خراب پرفارمنس نے سلیکشن کمیٹی کو انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈکپ کیلئے ایک ہی اسکواڈ کے اعلان کیلئے پریشان کر دیا ہے اور  پی سی بی تھنک ٹینک مختلف کمبی نیشنز کیلئے سر جوڑ کر بیٹھا ہے۔

بیٹنگ لائن اپ کے کمبی نیشن کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اسکواڈ میں دو وکٹ کیپرز کی شمولیت بھی ممکن ہے۔

اس کے علاوہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا اب تک ری ہیب جاری ہے اور انہوں نے بولنگ کا آغاز کرنا ہے۔  یہ تمام معاملات تھنک ٹینک کیلئے درد سر  بنے ہوئے ہیں۔

اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ میں توسیع کیلئے آئی سی سی سے رابطہ کرنے اور پھر اجازت ملنے کی صورت میں ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ہو گا ورنہ 15 ستمبر کو ریزرو کھلاڑیوں کے ہمراہ ایک ہی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں برس 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :