14 ستمبر ، 2022
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک ہمیں کہہ رہے ہیں کہ سیلاب ہے سیاست نہ کرو اور دوسری طرف میری پارٹی کو کرش کرنے لگے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا میں ہر چیز آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کی، میں اس لیے چپ بیٹھا رہا کیوں کہ معاشی حالات برے تھے، اب عوام کا سمندر نکلنے والا ہے۔
ان کا کہنا تھا اس وقت سیلاب پر سیاست کی جا رہی ہے، ہمیں کہہ رہے ہیں سیلاب ہے کہ سیاست نہ کرو اور دوسری طرف میری پارٹی کو کرش کرنے لگے ہیں، جو لوگ ہمیں سیاسی فنڈنگ کرتے تھے انھیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ معیشت سنبھل نہیں رہی، پاکستان سری لنکا کےنقش قدم پر جارہا ہے، جب میں کال دوں گا تو حکومت برداشت نہیں کر سکے گی۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا حکومت سے صرف صاف و شفاف الیکشن پر بات ہوسکتی ہے، معیشت کی بہتری کا حل صرف صاف شفاف انتخابات ہیں۔
اپنے خلاف دہشتگردی کے مقدمے سے متعلق سوال پر عمران خان کا کہنا تھا یہ مقدمہ دنیا کے سامنے مذاق بن گیا ہے، یہ معلوم ہونے کے بعد بھی کہ یہ مقدمہ ایک مذاق ہے، آج میں نے حاضری دی۔