15 ستمبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز گل نے قرآن کی آیت شیئر کی “حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے تصدیق شدہ پیجز پر شہباز گل کی تازہ ترین تصویر بھی شیئر کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے شہباز گل کی ضمانت کو جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا کہ شہباز گل کی رہائی انصاف اور جمہوریت کی فتح ہے، پارٹی اور عمران خان کے لیے جس طرح شہباز ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے آج ان کی اس جرات پر پوری پارٹی کو فخر ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے اشتعال انگیز بیانات پر مبنی تقریر اور اداروں کے خلاف بیانات پر شہباز گل کو9 اگست کو بنی گالا کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور ان پر غداری کی دفعات کے تحت تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیاتھا۔