چشمہ پہننے والے افراد کم ذہین نظر آتے ہیں، تحقیق

یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا / فائل فوٹو
یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا / فائل فوٹو

متعدد افراد کا خیال ہے کہ چشمے پہن کر وہ زیادہ ذہین نظر آتے ہیں۔

اگر آپ کا بھی یہی سوچنا ہے تو بہتر ہے کہ چشمے کی جگہ کانٹیکٹ لینس کا استعمال کریں۔

یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا جس میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد چشمے پہنتے ہیں وہ کم پرکشش، کم ذہین اور اعتماد کی کمی کا شکار محسوس ہوتے ہیں۔

Jordan یونیورسٹی کی تحقیق میں 517 جوان افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 33.1 فیصد چشمہ پہننے کے عادی تھے اور باقی اس سے دور رہتے تھے۔

ان رضاکاروں کو 4 افراد کی چشمے اور چشمے کے بغیر 8 تصاویر دکھائی گئیں اور ان سے پوچھا گیا کہ چشمے یا اس کے بغیر یہ افراد کتنے پرکشش، پراعتماد اور ذہین نظر آتے ہیں۔

نتائج سے ثابت ہوا کہ چشمہ استعمال نہ کرنے والے افراد کو لوگوں نے زیادہ ذہین، پرکشش اور پراعتماد قرار دیا۔

البتہ جو رضاکار چشمہ پہننے کے عادی تھے انہوں نے چشمے والی تصاویر کو زیادہ اسکور دیے۔

محققین نے کہا کہ کمزور بینائی کے باعث چشمے کا استعمال سماجی اور ذاتی شخصیت پر اثرات مرتب کرتا ہے جن کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔

اس سے قبل تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ مغربی ممالک میں لوگ چشمے کے استعمال کو ذہانت سے منسلک کرتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جریدے Cureus میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :