16 ستمبر ، 2022
حد نگاہ تک پانی ہی پانی لیکن ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں ہتھالہ کے باسی پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں ہتھالہ میں قطرہ قطرہ آنیوالے سرکاری پانی پر سیلابی ریلے کی حکمرانی ہے جبکہ پینے کے پانی کے ٹینک مردہ جانوروں سے بھر گئے ہیں اور گندے پانی سے دھلے کپڑوں سے امراض پھیلنے لگے ہیں۔
کھلے آسمان تلے متاثرین کو کوئی پوچھںے والا نہیں ہے اور غیر ملکی امداد کا نام و نشان تک نہیں ہے۔
سیلاب متاثرین دہائی دے رہے ہیں کہ کیا امداد ملی نہیں یا گوداموں میں ذخیرہ ہو گئی یا رستے میں ہی رہ گئی، سردی سر پر آگئی ہے، ہمیں اپنی چھت کب ملے گی۔
ادھر راجن پور میں سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ پانی اترنے کے بعد بستیوں میں پلٹے تو گھر کے نام پر ٹوٹی چھتوں، دیواروں اور ملبے کے ڈھیر نے استقبال کیا، ہر دن ایک نئی آزمائش بن کر آ رہا ہے۔