19 ستمبر ، 2022
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہےکہ روسی صدر پیوٹن کے سامنے شہباز شریف کی کانپیں ٹانگ رہی تھیں۔
چکوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے قوم کو ان 'چوروں' کے خلاف کال دینی ہے، یہ سمجھے تھے کہ میں چپ کرکے بیٹھ جاؤں گا، ان کو پتا ہونا چاہیے تھا کہ میں اپنے پیروں پر کھڑا ہوکر اس مقام پر پہنچا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی بےحسی دیکھیں، ان حالات میں وہ باہر دورےکر رہے ہیں، کونسا معرکہ مارنا ہے باہر ؟ جب ملک میں اتنا بڑا سیلاب آیا ہوا ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی منہ اٹھا کرباہر چلےگئے، ان کو اس لیے مسلط کیا گیا کہ یہ ان کا حکم مانےگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ باہر لے جایا گیا پیسا آدھا بھی واپس لائیں توپاکستان کوپیسا نہ مانگنا پڑے، روسی صدر پیوٹن کے سامنے شہباز شریف کی کانپیں ٹانگ رہی تھیں، کسی وزیراعظم کویہ باتیں نہیں کرتے دیکھا جو شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سےکیں، شہباز شریف سیکرٹری جنرل سے پیسے مانگ رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل یو این کو علم ہےکہ اس کابینہ کے 60 فیصد وزیر ضمانت پر ہیں، سیکرٹری جنرل کس منہ سے تمہیں پیسا دےگا، اسےعلم ہے ان پر کرپشن کےکیسز ہیں، سیکرٹری جنرل کو سب پتا ہے اس لیے وہ پیسا نہیں دے رہا۔
انہوں نےکہا کہ شہباز شریف نے بیان حلفی دیا تھا کہ نوازشریف واپس آئیں گے، نواز شریف کی بیٹی نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، مریم نے جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، مریم نواز شہزادی بنی ہوئی ہیں ان کو میرٹ کا پتا ہی نہیں، چوہدری نثار ن لیگ سے الگ ہی اس لیے ہوئےکہ کہاں چوہدری نثار اور کہاں مریم نواز، پیپلزپارٹی میں بھی میرٹ ہوتا تو چیئرمین اعتزاز احسن ہوتے بلاول نہیں۔