چینی سائنسدانوں نے کورونا وائرس اور فلو شناخت کرنے والا فیس ماسک تیار کرلیا

چینی سائنسدانوں نے یہ فیس ماسک تیار کیا / فائل فوٹو
چینی سائنسدانوں نے یہ فیس ماسک تیار کیا / فائل فوٹو

چین کے سائنسدانوں نے ایک ایسا فیس ماسک تیار کیا ہے جو ہوا میں کورونا وائرس کو شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کووڈ 19 یا فلو سے متاثر کسی فرد سے گفتگو کے دوران فیس ماسک کی جانب سے اسے پہننے والے کو وائرسز سے الرٹ کیا جاتا ہے۔

اس فیس ماسک میں سنسرز نصب ہیں جو ہوا میں موجود بہت چھوٹے وائرل ذرات پر بھی ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔

شنگھائی کی Tongji یونیورسٹی کے ماہرین نے اس فیس ماسک کو تیار کیا جس کے بارے میں تحقیق کے نتائج جرنل Matter میں شائع ہوئے۔

تحقیقی ٹیم کی جانب سے فیس ماسک کو ایک بند چیمبر میں ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

اس چیمبر میں وائرل ذرات کو اسپرے کیا گیا تھا۔

محققین نے دریافت کیا کہ فیس ماسک ایسے بند مقامات پر بھی بہترین انداز سے کام کرتا ہے جہاں ہوا کی نکاسی کا نظام ناقص ہوتا ہے۔

ہوا میں موجود ننھے وائرل ذرات کو پکڑنا بہت مشکل ہوتا ہے تو فیس ماسک کی جانب سے ان کی شناخت ایک بڑی پیشرفت ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ جتنی جلد آپ کو اپنے اردگرد وائرس کی موجودگی کا علم ہوگا، اتنا ہی بیماری سے بچنا آسان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس فیس ماسک کو ان افراد میں بیماری کی تشخیص کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جو روایتی ٹیسٹ کرانا پسند نہیں کرتے۔

محققین کی جانب سے ایسی وئیرایبل ڈیوائسز پر بھی کام کیا جارہا ہے جو مختلف امراض جیسے کینسر کی شناخت کرسکے۔

مزید خبریں :