20 ستمبر ، 2022
خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزرا کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی نے وزرا کے الاؤنسز و تنخواہ کا بل ایوان میں پیش کیا۔
ایوان نے وزرا کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔
بل کے تحت اب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرح دیگر وزرا اور سرکاری ملازمین کو بھی سرکاری خرچ پر ہیلی کاپٹر یا جہاز استعمال کرنے کی اجازت ملی گئی ہے۔
بل کے تحت وزیراعلیٰ کسی بھی صوبائی وزیر یا سرکاری ملازم کو سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دیں سکیں گے اور سرکاری خرچ پر ہیلی کاپٹر کے ساتھ ہوائی جہاز کے استعمال کی بھی اجازت ہوگی۔
بل کے مطابق وزیراعلیٰ ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر کرائے پر بھی لے سکیں گے۔
قانون میں ترمیم سے قبل صرف وزیراعلیٰ کو سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت حاصل تھی۔
بل پاس ہونے پر صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بل کا مقصد وزرا کی تنخواہیں بڑھانا نہیں بلکہ سرکاری اہلکاروں کو وزیراعلیٰ کی اجازت سے ہیلی کاپٹر اور جہاز میں جانے کی اجازت دینا ہے۔
اپوزیشن ارکان سردارحسین بابک، اختیار ولی و دیگر نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کرتے تھے اور اب ایوان میں اکثریت کی بنیاد پر بل پاس کرکے دیگر وزرا اور سرکاری اہلکاروں کو بھی ہیلی کاپٹر میں گھومنے کا اختیار دیا گیا ہے۔