خلیل الرحمان جب تک کام سے مطمئن نہیں ہوتے دوسرے کو قبر تک پہنچا دیتے ہیں: ریما خان

کام کے دوران کئی بار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ جھگڑے ہوئے لیکن ادب کا عنصر غالب رہا: سینئر اداکارہ۔ فوٹو فائل
کام کے دوران کئی بار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ جھگڑے ہوئے لیکن ادب کا عنصر غالب رہا: سینئر اداکارہ۔ فوٹو فائل

پاکستان کی سینئر اداکارہ ریما خان نے مصنف اور  ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر کو  ’بڑبولا‘ قرار دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ریما خان نے خلیل الرحمان قمر کا تعارف منفرد انداز میں کرواتے ہوئے کہا کہ لمبا دھاگا اور لمبی زبان ہمیشہ الجھ جاتے ہیں اسی لیے لمبے دھاگے کو لپیٹ کر اور لمبی زبان کو سمیٹ کر رکھنا چاہیے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر خلیل الرحمان کی زبان سمیٹ دی گئی تو وہ خزانے جو ان کے قلم سے ہم تک پہنچتے ہیں وہ اس انداز سے  نہیں پہنچیں گے جیسا ہم دیکھنا چاہتے ہیں۔

 سینئر اداکارہ کے مطابق میں خلیل الرحمان کے ساتھ کام کر چکی ہوں ان کی اچھی بات یہ ہے کہ یہ بہت اچھا لکھتے ہیں اور بری بات یہ ہے بہت زیادہ پرفیکشنسٹ ہیں جب تک مطمئن نہیں ہوتے یہ دوسرے کو قبر تک پہنچا دیتے ہیں لہٰذا جو طغیانی اکثر خلیل الرحمان قمر کے لفظوں میں آجاتی ہے اسے ہمیں نظر انداز کر دینا چاہیےکیونکہ کوئی بھی انسان پرفیکٹ نہیں ہوتا۔

سینئر اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ دوران پراجیکٹس میرے اور خلیل الرحمان کے درمیان بھی جھگڑے ہوئے لیکن ادب کا عنصر غالب رہا، میں جانتی ہوں کہ خلیل الرحمان قمر منہ کے بڑبولے ہیں اور مجھے یہ بڑبڑاہٹ بھی معیوب نہیں لگتی۔

اداکارہ نے دوران ملاقات خلیل الرحمان قمر سے مذاقاًیہ بھی کہا کہ خلیل الرحمان کا قتل ان کے اپنے ہاتھوں پر لکھا ہے جس پر مصنف کا کہنا تھا کہ ’اچھا پھر ڈاکٹر ( اداکارہ کے شوہر) کی باری بعد میں آئے گی‘۔

مزید خبریں :