یوٹیوب میں اب شارٹس ویڈیوز سے پیسے کمانا ممکن ہوجائے گا

2023 سے ایسا ممکن ہوگا / فوٹو بشکریہ یوٹیوب
2023 سے ایسا ممکن ہوگا / فوٹو بشکریہ یوٹیوب

یوٹیوب کی جانب سے ایک نئے پروگرام کو متعارف کرایا گیا ہے جس سے صارفین کے لیے شارٹس ویڈیوز سے پیسے کمانا ممکن ہوجائے گا۔

یوٹیوب کی جانب سے پلیٹ فا رم کے مونیٹائزیشن سسٹم کو وسعت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس وسعت کے نتیجے میں زیادہ تخلیق کار یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بن سکیں گے۔

2023 کے آغاز سے شارٹس ویڈیوز پوسٹ کرنے والے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے کے لیے ان صارفین کو 90دن کے اندر ایک ہزار سبسکرائبرز اور ایک کروڑ شارٹس ویوز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔

یہ نئے پارٹنرز یوٹیوب پلیٹ فارم پر شارٹس اور طویل دورانیے کی ویڈیوز میں اشتہارات کے ذریعے پیسے کما سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق طویل دورانیے کی ویڈیوز بنانے والے افراد بھی ایک ہزار سبسکرائبرز اور4 ہزار واچ آورز کا ہدف حاصل کرکے پارٹنر بننے کی درخواست دے سکتے ہیں، یعنی اب زیادہ صارفین اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں۔

یوٹیوب نے شارٹس کے لیے بھی اپنی نوعیت کا پہلا ریونیو شیئرنگ ماڈل متعارف کرایا ہے جس پر 2023 سے کام شروع ہوگا۔

اس ماڈل کے تحت اشتہارات سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم میں سے 45 فیصد صارفین خود رکھ سکیں گے جبکہ باقی رقم شارٹس ویوز کی بنیاد پر میوزک لائسنس رکھنے والوں اور دیگر میں تقسیم کی جائے گی۔

یوٹیوب کی جانب سے creator میوزک نامی سیکشن بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اس سیکشن سے صارفین میوزک کیٹلاگ تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے اور میوزک لائسنس بھی خرید سکیں گے جس سے ان کے لیے زیادہ آمدنی کا حصول ممکن ہوجائے گا۔

یہ فیچر ابھی امریکا میں بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور 2023 میں دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔

مزید خبریں :