22 ستمبر ، 2022
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائرکر دی ۔
سابق وزیر خزانہ کے وکیل نے احتساب عدالت سے کہا کہ اسحاق ڈار کو ملک واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے۔
احتساب عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی اسحاق ڈار نے اشتہاری اور مفرور قرار دینے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی تھی۔وکیل اسحاق ڈار نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی جانب سے درخواست واپس لیے جانے کے بعد درخواست خارج کر دی۔درخواست خارج ہونے کے بعد اسحاق ڈار کو اشتہاری اور مفرور قرار دینے کا عدالتی فیصلہ برقرار ہے۔
یاد رہے کہ اثاثہ جات ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری اور مفرور قرار دیا تھا، اسحاق ڈار نے عدالتی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔