22 ستمبر ، 2022
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے موصول ہونے والی دھمکی آمیز کال سے متعلق بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ آپ کی اصل پریشانی اور خوف 5 میں سے ایک نام سے ہے وہ کون ہے بتاتے کیوں نہیں؟
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ’تم سیاسی ہائی جیکر ہو اور پورے سسٹم کو ہائی جیک کرنا چاہتے ہو لیکن پی ڈی ایم مولانا کی قیادت میں آپ کی بلیک میلنگ اور ہائی جیکنگ کی سیاست کا جنازہ بھی پڑھ کے رہے گی‘۔
دوسری جانب عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے لکھا کہ مارچ لانگ ہو یا شارٹ یہ لنگڑا مارچ ثابت ہوگا، ایک گیدڑ نیازی تھا جس نے بھارت کے سامنے سرینڈر کیا تو سقوط ڈھاکہ ہوا اور ایک گیدڑ عمران نیازی تم ہو جس نے نریندر مودی کے سامنے سرینڈر کیا تو سقوط کشمیر ہوا۔
حافظ حمد اللہ نے مزید لکھا کہ ’جن نامعلوم کالوں سے تم دوسروں کو ڈراتے دھمکاتے اور فیصلے کرواتے تھے آج ان ہی نامعلوم پیاروں کی کالوں سے اتنی پریشانی اور خوف کیوں ہے؟‘
یاد رہے کہ لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے ہفتے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ساری قوم میرا ساتھ دے۔