22 ستمبر ، 2022
ایپل نے کچھ روز قبل آئی فون 14 سیریز کو متعارف کرایا تھا۔
اس سیریز کے فونز میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا جن میں سے اکثر تو آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس تک محدود ہیں، مگر ایک فیچر ایسا ہے جو چاروں ماڈلز میں دستیاب ہے اور وہ ہے کریش ڈیٹیکشن۔
اس فیچر کو جانچنے کے لیے ایک شخص نے اپنی گاڑی کا حادثہ کرا دیا۔
اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ اس مقصد کے لیے ایپل نے متعدد سنسرز کو آئی فون 14 سیریز میں نصب کیا ہے جو کسی حادثے پر ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کرتے ہیں۔
جب آئی فون کو حادثے کا احساس ہوتا ہے تو وہ ایک الرٹ جاری کرتا ہے اور اگر الرٹ کو بند نہ کیا جائے تو فون 20 سیکنڈ بعد ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کرتا ہے اور جائے حادثہ سے آگاہ کرتا ہے۔
یوٹیوبر ٹیک ریکس نے اس فیچر کی آزمائش کرتے ہوئے 6 منٹ کی ویڈیو شیئر کی۔
اس فیچر کی آزمائش کے لیے ٹیک ریکس نے ڈرائیور لیس گاڑی کو استعمال کیا اور آئی فون 14 پرو کو ڈرائیور سیٹ کے پیچھے باندھ دیا۔
جب یہ گاڑی ٹکرائی تو فیچر خودکار طور پر کام کرنے لگا اور ایمرجنسی سروسز سے رابطے سے قبل الرٹ جاری کیا جسے یوٹیوبر نے خود منسوخ کیا۔
ٹیسٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فیچر آئی فون 14 استعمال کرنے والے افراد کی زندگی بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔