تسلیم کرنا پڑے گا کہ بابر اور رضوان نے شاندار کھیل پیش کیا، انگلش کرکٹر بین ڈکٹ

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

انگلینڈ کے کرکٹر بین ڈکٹ کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں انگلش ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی اچھا اسکور کیا تھا ، اگر دو وکٹیں حاصل کر پاتے تو نتیجہ مختلف ہوتا ، تسلیم کرنا پڑے گا کہ دو زبردست کرکٹرز نے شاندار کھیل پیش کیا۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے ہاتھوں انگلینڈ کی 10 وکٹوں سے شکست کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بین ڈکٹ کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم نے بہت اچھا اسکور بنایا، یہ یہاں کے اعتبار سے بڑا ٹوٹل تھا، میں نے بریک میں کہا تھا ہمیں وکٹیں لینا ہوں گی، اگر ہم 10 اوورزکے بعد بھی دو وکٹیں لے لیتے تو شاید نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا۔

انہوں نے  بابر اعظم اور محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تسلیم کرنا ہوگا کہ 2 بہترین پلیئرز نے شاندار کھیلا ۔

بین ڈکٹ نے میچ میں 22 گیندوں پر 43 رنز بنائے اور فل سالٹ کے ساتھ اس وقت اپنی اننگز کو دوبارہ ٹریک پر لانے میں کردار ادا کیا جب شاہنواز دھانی نے دو گیندوں پر انگلینڈ کے دو بیٹرز کو پویلین بھیج دیا تھا۔

اپنی اننگز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سیم بولنگ کے سامنے مشکل ہو رہی تھی جس کے بعد انہوں نے یہ طے کیا تھا کہ اسپن پر جتنا زیادہ اور جتنی جلدی ہوسکے رنز بنائے ، خوش قسمتی سے وہ اس میں کامیاب رہے۔

27 سالہ کرکٹر نے کراچی کے کراؤڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اتنا شور تھا کہ ساتھی کرکٹرز کی آواز نہیں سنائی دے رہی تھی،سب کو اندازہ ہے کہ پاکستانی کرکٹ کو کتنا پسند کرتے ہیں اور اس میچ کو دیکھ کر انہوں نے یقینی طور پر انجوائے کیا ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ 2022 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے چار میچز کھیلنے والے بین ڈکٹ نے کہا کہ گو کہ انہوں نے یہاں کم میچز کھیلے لیکن یہاں چیزیں دیکھنے کا تجربہ رہا ہے جو فائدہ مند ہے۔

ایک سوال پر بین ڈکٹ نے کہا کہ یہ طویل سیریز ضرور ہے لیکن میچز بہت جلد ہیں، دوسرے میچ کی شکست کو بھول کر تیسرے میچ کیلئے ٹریک پر آنا ہوگا، جو اچھا کیا اس کو ساتھ لے چکر چلیں گے اور جہاں اچھا نہ ہوسکا اس کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید خبریں :