پاکستان
Time 23 ستمبر ، 2022

اسلام آباد میں 9 ویں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس آج سے شروع ہوگی

پاکستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے متعلق کانفرنس کا عنوان انصاف کی فراہمی: 75 سال، ماضی کی عکاسی اور مستقبل کی طرف دیکھنا ہے — فوٹو: فیس بک
پاکستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے متعلق کانفرنس کا عنوان "انصاف کی فراہمی: 75 سال، ماضی کی عکاسی اور مستقبل کی طرف دیکھنا" ہے — فوٹو: فیس بک

اسلام آباد سپریم کورٹ میں آج سے 9 ویں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس کا آغاز ہوگا ۔

کانفرنس میں انصاف کی فراہمی میں مختلف شراکت داروں کا کردار، عالمی چیلنجز، تنازعات کے تصفیے کا طریقہ کار اور ڈیجیٹل ترقی کے دور میں انصاف کی فراہمی کے موضوعات پر قانونی ماہرین اظہار خیال کریں گے۔

لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان  اور نیشنل جوڈیشل پالیسی میکرز کمیٹی  کے زیراہتمام 9 ویں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس دو روز  تک اسلام آباد میں جاری رہے گی۔

پاکستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے متعلق کانفرنس کا عنوان "انصاف کی فراہمی: 75 سال، ماضی کی عکاسی اور مستقبل کی طرف دیکھنا" ہے۔

کانفرنس میں چیف جسٹسز، نامور ججز، اٹارنی جنرل پاکستان، بیرون ملک اور پاکستان سے ماہرین قانون، فقہا، اسکالرز، دانشور  اور  وکلا شرکت کریں گے۔

دو روزہ کانفرنس کیلئے پانچ موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے،  چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کانفرنس کے  پہلے دن کے پہلے سیشن میں "قانون کی حکمرانی اورآئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے میں عدلیہ کا کردار" کے موضوع پر  اظہار خیال کریں گے۔

کانفرنس کے پہلے روز ہی وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس، ہائی کورٹس کے چیف جسٹس، چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر اور چیف جسٹس سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت۔ بلتستان بھی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

کانفرنس کے دوسرے روز دیگر موضوعاتی سیشنز منعقد ہوں گے جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج صاحبان مختلف موضوعاتی سیشنز کی صدارت کریں گے اور چیف جسٹس آف پاکستان کانفرنس کا اختتام کریں گے۔

مزید خبریں :