مارک زکربرگ اپنی مشکلات پر قابو پانے کیلئے کس دلچسپ عادت کو اپنا چکے ہیں؟

مارک زکربرگ / رائٹرز فوٹو
مارک زکربرگ / رائٹرز فوٹو

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کی دولت میں رواں سال کے دوران نمایاں کمی آئی ہے۔

تو یہی وجہ ہے کہ بظاہر اپنے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے انہوں نے ایک نئے مشغلے کو اپنا لیا ہے اور وہ ہے مکسڈ مارشل آرٹ (ایم ایم اے) کی تربیت حاصل کرنا۔

پروفیشنل ایم ایم اے فائٹر اور جو جیسٹو میں بلیک بیلٹ Khai Wu کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنیوں میں کام کرنے والے افراد جیسے مارک زکربرگ کا اب ایم ایم اے جمز میں آنا معمول بنتا جارہا ہے۔

Khai Wu مارک زکربرگ کو تربیت فراہم کرنے والے افراد میں سے ایک ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ہونا بھی مارک زکربرگ کو تربیت لینے سے روک نہیں سکا۔

39 سالہ مارک زکربرگ گزشتہ کئی ماہ سے مکسڈ مارشل آرٹ کی تربیت حاصل کررہے ییں۔

مارک زکربرگ تربیت میں مصروف / اسکرین شاٹ
مارک زکربرگ تربیت میں مصروف / اسکرین شاٹ

Khai Wu نے بتایا کہ وہ مارک زکربرگ کا مقابلہ کرچکے ہیں اور آپ اندازہ بھی نہیں کرسکتے کہ وہ کتنے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، درحقیقت وہ تو ایک خاموش قاتل ہیں۔

مارک زکربرگ نے خود بھی کچھ عرصے قبل اس مشغلے کے بارے میں سوشل میڈیا پر بتایا تھا۔

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے اپنی تربیت کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ وہ کس طرح Khai Wu کا مقابلہ کررہے ہیں۔

اسی طرح ایک پوڈ کاسٹ میں بھی انہوں نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مشغلے سے ان کے کام کرنے کی صلاحیت بھی بہتر ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک یا 2 گھنٹے کی ورزش یا مکسڈ مارشل آرٹ تربیت سے وہ دن بھر کے لیے اپنے کام کے مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے جم میں تربیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جو جیسٹو بہترین کھیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'سوال یہ نہیں کہ میں کس طرح اس تک پہنچا، بلکہ یہ ہے کہ اب تک مجھے اس کے بارے میں علم کیوں نہیں تھا؟ اس کے پہلے سیشن سے ہی مجھے یہ کھیل پسند آگیا تھا اور اب یہ میری زندگی کا حصہ بن گیا ہے'۔

ویسے مارک زکربرگ کے پاس ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے متعدد وجوہات موجود ہیں، ان کی ذاتی دولت میں رواں سال کے دوران 70 ارب ڈالرز کی کمی آچکی ہے۔

اسی طرح میٹاورس کی تشکیل اور اقتصادی سست روی کے باعث بھی ان کی کمپنی کی آمدنی میں کمی آئی ہے۔

مزید خبریں :