23 ستمبر ، 2022
بھارت کے معروف کامیڈین و اداکار راجو شری واستو گزشتہ دنوں 58 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
راجو شری واستو کو 10 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ زیرِ علاج تھےتاہم 21 ستمبر کو ان کے اہل خانہ کی جانب سے اداکار کے انتقال کی تصدیق کی گئی تھی۔
راجو کے انتقال کے بعد جہاں بھارت کی بہت سی مشہور شخصیات نے آنجہانی کامیڈین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا وہیں بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ نے اپنے بلاگ پر تعزیتی پیغام لکھا اور تصدیق کی کہ جب راجو اسپتال میں داخل تھے تو انہوں نے انہیں ایک وائس نوٹ بھیجا تھا۔
امیتابھ نے اپنے پیغام میں لکھاکہ ایک اور ساتھی دوست اور فنکار ہم سے رخصت ہو گیا، راجو اچانک بیمار ہو کر وقت سے پہلے چلے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ راجو کی حالت بہتر کرنے کے لیے مجھے مشورہ دیا گیا کہ میں اپنی آواز میں ایک وائس نوٹ ریکارڈ کرکےکامیڈین کے لیے بھیجوں، جو میں نے بھیجا بھی۔
بالی وڈ اداکار کے مطابق جب ان کی آواز راجو کے کانوں کے قریب جا کر انہیں سنوائی گئی تو آنجہانی کامیڈین نے کچھ دیر کے لیے اپنی آنکھیں بھی کھولی تھیں۔
خیال رہے کہ راجو شری واستو کو اس وقت دل کا دورہ پڑا تھا جب وہ جم میں ٹریڈ مِل پر ایکسرسائز کر رہے تھے۔
یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ راجو نے جم میں بہت زیادہ ایکسرسائز کر لی تھی جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑی تاہم ان کے بھانجے کوشل سری واستو نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا تھا۔