Time 23 ستمبر ، 2022
کھیل

قائد اعظم ٹرافی سے قبل دو ڈومیسٹک ٹیموں کیلئے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل

فوٹو: دائیں جانب پال نکسن، بائیں جانب پال فرینکس
فوٹو: دائیں جانب پال نکسن، بائیں جانب پال فرینکس

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے قائد اعظم ٹرافی سے قبل دو ڈومیسٹک ٹیموں کیلئے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

پی سی بی کے قابل اعتبار ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے دو کوچز پال نکسن اور پال فرینکس قائد اعظم ٹرافی میں ریجنل ٹیموں کی کوچنگ کریں گے۔

قائد اعظم ٹرافی منگل سے ملک کے مختلف سینٹرز پر شروع ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی جانب سے ایک ون ڈے میچ کھیلنے والے پال فرینکس سینٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ ہوں گے، پال فرینکس اس وقت کاؤنٹی ٹیم ناٹنگھم شائر کے اسسٹنٹ کوچ ہیں ، وہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

پال فرینکس کے ساتھ ناٹنگھم شائر کی کوچنگ کرنے والے بلال شفایت بھی سینٹرل پنجاب کو جوائن کریں گے، انہیں فیلڈنگ کوچ کا عہدہ دیا گیا ہے، بلال شفایات ناٹنگھم شائر میں ایج گروپ کوچنگ کرتے ہیں۔

انگلینڈ کے ایک اور تجربہ کار کرکٹر اور لیسسٹر شائر کاؤنٹی کے ہیڈ کوچ پال نکسن سندھ کی ٹیم کی کوچنگ کریں گے، پال نکسن نے 19 ایک روزہ میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کی نمائندگی کی  ہے۔ وہ ساڑھے تین سو سے زائد فرسٹ کلاس میچز بھی کھیل چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنل ٹیموں کے ساتھ پہلے سے کام کرنے والے کوچز ، عبدالرزاق اور غلام علی ، بھی ساتھ ساتھ اپنے عہدوں پر کام جاری رکھیں گے اور کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہیں گے۔

پی سی بی اس کے علاوہ کوچنگ اسٹاف کی مختلف پوزیشنز کیلئے اور بھی چار غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کررہا ہے۔

مزید خبریں :