Time 24 ستمبر ، 2022
کھیل

کراچی جیسا پرجوش کراؤڈ کہیں اور نہیں دیکھا، انگلش کرکٹر مارک ووڈ

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز 

انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی بولرز حارث رؤف اور محمد حسنین کو دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کی کہ وہ کس طرح بولنگ کر رہے ہیں، تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پلان جارحانہ کرکٹ کا تھا اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی سے مختلف حکمت عملی اپنانے کا تھا۔

پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کی 63 رنز سے جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر مارک ووڈ نے جیو نیوز کے سیگمنٹ ’گیم چینجر‘ میں کہا کہ انہوں نے کراچی جیسا پرجوش کراؤڈ کہیں اور نہیں دیکھا۔

مارک ووڈ نے بابر اعظم اور حیدر علی سمیت پاکستان کے تین بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی اور انگلینڈ کے اسکور 221 رنز کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔

 انہوں نے کہا کہ وکٹ سے مدد ملی لیکن انہوں نے پاکستانی بولرز کو بھی دیکھا کہ وہ کس طرح اپنا کام کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ حارث رؤف کے فین ہیں اور حسنین بھی انہیں پسند ہیں، دیکھنے کی کوشش کی کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور ویسی ہی کوشش کی کہ تیز ترین بولنگ کر کے وکٹیں لینے کی کوشش کروں۔

32 سالہ فاسٹ بولر ،جو چھ ماہ بعد پہلی مرتبہ انٹرنیشنل میچ کھیل رہے تھے نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کو یہ بات یاد تھی کہ پاکستان نے ایک روز قبل ہی زبردست انداز میں بڑا ہدف عبور کیا ہے اس لیے اس بار مختلف حکمت عملی اپنائی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ انگلینڈ کی حکمت عملی کیا تھی تو انہوں نے کہا کہ پلان جارحانہ کرکٹ کا تھا اور ایک روز قبل کی پلاننگ سے مختلف گیم کھیلنے کا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک روز قبل ہم نے باؤنسرز نہیں کرائیں، ہم آراؤنڈ دا وکٹ نہیں آئے، فیلڈ پوزیشنز نہیں ٹرائی کیں، اس بار مختلف کرنے کا پلان بنایا ۔ بابر اعظم اور رضوان زبردست پلیئرز ہیں، انہوں نے ایک روز قبل شاندار کھیلا، ہم نے یہی کوشش کی کہ اب کچھ مختلف کرنا ہے تاکہ کچھ مدد ملے اور خوش قسمتی سے ایسا ہی ہوا۔

ایک سوال پر مارک ووڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فینز کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے ایسا پرجوش ،شور مچاتا کراؤڈ کہیں نہیں دیکھا، یہاں بہت زبردست ماحول ہے، انہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی بھی تعریف کی، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں پاکستان کے روایتی پکوان کھانے کا موقع ملا تو انہوں نے کہا کہ انہیں یہاں کی دال بہت پسند آئی۔

مارک ووڈ نے مزید بتایا کہ معین علی نے انہیں اردو کے دو لفظ بتائے ہیں، ایک ٹھیک ہے اور دوسرا کیسے ہو؟ ان کے مطلب نہیں معلوم لیکن امید ہے اور لفظ جلد سیکھ لیں گے۔

مزید خبریں :