اگر نتائج ٹیم کے حق میں نہ ہوں تو کچھ اچھا نہیں لگتا: شان مسعود

شان مسعود نے میچ میں 40 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی مگر پاکستان 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 158 رنز بناسکا — فوٹو: جیو نیوز
شان مسعود نے میچ میں 40 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی مگر پاکستان 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 158 رنز بناسکا — فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر شان مسعود کا کہنا ہے کہ اگر نتائج ٹیم کے حق میں نہ ہوں تو کچھ اچھا نہیں لگتا، ٹیم ورلڈ کپ سے قبل مختلف کامبی نیشن ٹرائی کرے گی اس لئے صبر کرنا ہوگا، ورلڈ کپ وہ ایونٹ ہے جس میں سب کو نتائج دینا ہوں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں شان مسعود نے کہا کہ پاکستان ٹیم سیریز میں باؤنس بیک کرسکتی ہے، سیریز میں چار میچز باقی ہیں، نتیجہ اچھا ہی ہوگا۔

شان مسعود نے میچ میں 40 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی مگر پاکستان 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 158 رنز بناسکا اور اسکو میچ میں 63 رنز سے شکست ہوئی۔

شان مسعود نے کہا کہ وکٹ پر وقت گزار کر گیم کی پیس سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ضرور ملا لیکن اگر ٹیم نہ جیتے تو پھر کچھ اچھا نہیں لگتا، ذاتی اسکور بعد کی بات ہوتے ہیں۔

میچ میں پاکستان کی ناکامی کی وجوہات کے سوال پر شان مسعود کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو کریڈیٹ دینا ہوگا کہ انہوں نے کوالٹی بیٹنگ کی، خاص طور پر بین ڈکٹ اور ہیری بروک نے بہت زبردست کھیلا، ساتھ ساتھ مارک ووڈ اور ٹوپلے نے ابتدا میں بہت زبردست بولنگ کی اور پاکستان کے اہم بیٹرز کو آؤٹ کیا۔

قومی بیٹر کا کہنا تھا کہ یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ انگلینڈ ایک ٹاپ ٹیم ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹاپ ٹیمز اپنا بہترین کھیل پیش کرتی ہیں، آپ کو کوشش کرنی چاہیے کہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور آئندہ وہ غلطیاں نہ دہرائیں۔

ٹیم کے نتائج میں عدم تسلسل کے سوال پر شان مسعود نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز ایک ایسی سیریز ہے جس میں مختلف کامبی نیشن چیک ہوسکتے ہیں، تھوڑا صبر کرنا ضروری ہے ورلڈ کپ ایسا ایونٹ ہوگا جس میں سب کو نتائج دینا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں جو چیزیں دیکھیں گے اس کی بنیاد پر ورلڈ کپ کیلئے بہترین کامبی نیشن ٹرائی کریں گے اور کوشش کریں گے کہ وہاں جا کر بہترین رزلٹ دیں۔

شان مسعود نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ ٹیم اس سیریز میں کم بیک کرے گی، انہوں نے کہا کہ دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے کر دکھایا تھا کہ وہ کوئی بھی ہدف حاصل کرسکتی ہے، ابھی چار گیمز باقی ہیں، پاکستان ٹیم اچھا کھیلے گی،

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ جو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں غلطیاں ہوئی ہیں اس کو اتوار کو نہ دہرایا جائے اور اچھا رزلٹ پیش کیا جائے۔

مزید خبریں :