پاکستان
Time 24 ستمبر ، 2022

حیدرآباد میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، ایک ہفتے کے دوران 5 افراد جاں بحق

صرف ماہ اگست اور سمتبر میں اب تک اندرون سندھ میں 1120 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے — فوٹو: فائل
صرف ماہ اگست اور سمتبر میں اب تک اندرون سندھ میں 1120 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے — فوٹو: فائل

محکمہ صحت کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث حیدرآباد میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، ایک ہفتے کے دوران پانچ افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوکر زندگی کی بازی ہارگئے۔

جیو نیوز کی ٹیم نے حیدراباد کے علاقے جمعہ گوٹھ، حالی روڈ، امریکن کوارٹر کا دورہ کیا جہاں سب سے زیادہ ڈینگی وائرس کیسز کی تصدیق ہوئی۔

لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے زیرانتظام چلنے والی ڈائگنوسٹک ریسرچ لیبارٹری کے اعداد و شمار کے مطابق صرف ماہ اگست اور ماہ سمتبر میں اب تک اندرون سندھ میں 1120 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس میں حیدراباد ریجن کے 963 افراد بھی شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لالا جعفر نے حیدرآباد میں محض 76 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی ہے تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی سے بچاؤ کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ ڈینگی وائرس سے شہریوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔

مزید خبریں :