پاکستان
Time 24 ستمبر ، 2022

ایاز امیرکے بیٹے اور ان کی مقتولہ بہوکے درمیان لڑائی کی وجوہات سامنے آگئیں

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

اسلام آباد: بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار سینیئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز اور  ان کی مقتولہ بہو سارہ کے درمیان لڑائی کی وجوہات سامنے آگئیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم شاہنواز  نے اپنی اہلیہ کو اپنی دیگر  2 شادیوں کے بارے میں نہیں بتایا تھا، ملزم  اپنی بیوی سارہ سے حیلے بہانوں سے پیسے منگواتا تھا۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہےکہ مقتولہ سارہ نے اپنے لیے ایک گاڑی خریدی تھی، ملزم نے دھوکے سےگاڑی اپنے نام کرائی جس پر سارہ سے تکرار ہوئی،سارہ نے اپنے دیےگئے پیسوں کا تقاضہ کیا اورگاڑی بھی فوری طور  پر اپنے نام کرانےکا کہا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم شاہنواز  نے پیسوں کے تقاضے پر طیش میں آکر اہلیہ سارہ کو قتل کردیا، سارہ نے اپنی شادی سے متعلق کینیڈا میں مقیم والدین کو کچھ نہیں بتایا تھا، مقتولہ سارہ کے پاس کینیڈا کی شہریت تھی۔

علاوہ ازیں تفتیشی ذرائع نے مزید بتایا ہےکہ مقتولہ سارہ کے چچا کرنل (ر)  اکرام اور ضیا الرحیم نے بھتیجی کے قتل کا الزام ایاز  امیر اور  ان کی سابق اہلیہ پر عائد کیا، ان کا کہنا تھا کہ  ایاز  امیر اور ان کی سابق اہلیہ نے بھتیجی سارہ کو قتل کرایا۔

دوسری جانب پولیس نے ایاز امیر اور ان کی سابق اہلیہ کے بھی وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں جب کہ بیٹے شاہنواز کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یاد رہےکہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد کے فام ہاؤس میں ملزم شاہنواز نے اپنی اہلیہ سارہ کو سر پر لوہے کی راڈ مار کر بے ہوش کیا اور پھر اسے نہانے والے ٹب میں ڈال کر پانی کھول دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :