کھیل
Time 24 ستمبر ، 2022

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹرز کے ماہانہ وظیفے میں ایک ایک لاکھ روپے کا اضافہ کردیا

قائداعظم ٹرافی کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردی گئی— فوٹو:فائل
قائداعظم ٹرافی کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردی گئی— فوٹو:فائل 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹرز کی میچ فیس اور ماہوار وظیفے کی رقم میں اضافہ کردیا۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق نئے ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ماہوار وظیفے کی رقم میں اضافے کا اعلان بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔

اعلان کردہ نیا ڈومیسٹک کنٹریکٹ ستمبر 2022 سے اگست 2023 تک لاگو ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق قائداعظم ٹرافی کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردی گئی اوراسی طرح پاکستان کپ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کی میچ فیس کو بڑھا کر بالترتیب 40 ہزار اور 60 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔

ڈومیسٹک ٹیموں میں شامل نان پلیئنگ ممبرز کی ریڈ بال کی میچ فیس 16 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ اسی طرح وائٹ بال کرکٹ کے میچز میں شریک ڈومیسٹک ٹیموں کے نان پلیئنگ ممبرز کی میچ فیس 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

اسی طرح نان فرسٹ کلاس فور ڈے کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کی میچ فیس 25 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار روپے کردی ہے۔ وائٹ بال کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج اور کرکٹ ایسوی ایشنز ٹی ٹوئنٹی کی میچ فیس 15 سے بڑھا کر 25 روپے مقرر کردی گئی ہے۔

ریڈ اور وائٹ بال کھیلنے والے نان پلیئنگ ممبرز کو اب بالترتیب 10 اور 15 ہزار روپے ملیں گے لہٰذا اب ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی اے پلس کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کو مجموعی طور پر 61 لاکھ اور ڈی کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کو 43 لاکھ روپے کا معاوضہ ملے گا۔

اس میں نئی میچ فیس اور ماہوار وظیفے کی رقم میں کیا گیا اضافہ شامل ہے جبکہ اس رقم میں پی سی بی کے کسی بھی ایونٹ کی انعامی رقم شامل نہیں۔

قائداعظم ٹرافی کی انعامی رقم ایک کروڑ 70 لاکھ روپے ہے جس میں سے ایک کروڑ روپے قائداعظم ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو دیے جائیں گے۔

پاکستان کپ کی انعامی رقم 50 لاکھ روپے مقرر کردی گئی ہے۔ اسی طرح نیشنل ٹی ٹوئنٹی کی انعامی رقم 87 لاکھ روپے مقرر کی جاچکی ہے۔

کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ، کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج، کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرنے والے کھلاڑی اب ڈیلی الاؤنس، ماہوار وظیفہ اور میچ فیس کی مد میں تقریباً11 لاکھ روپے کمائیں گے۔

مزید خبریں :