25 ستمبر ، 2022
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف واپس اسمبلی میں آتی ہے تو ان کو ویلکم کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف نے پی ٹی آئی کی سہولت کاری پر غیر ضروری بیان دیا ہے، وہ یہ بیان دینے کے مجاز نہیں تھے۔
سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ جاوید لطیف کے بیان کا پارٹی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ہم عمران خان کے سہولت کاروں کو جانتے ہیں، ہمیں معلوم ہےکہ عمران خان راتوں کو کن کن سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ، عمران خان دراصل چابی والا کھلونا ہیں جو کبھی بھی اپنی مرضی سے نہیں ہلتا ۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے اسمبلی میں واپسی امریکی سائفر کی تحقیقات سے مشروط کر دی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ امریکی سائفر کی تحقیقات کی جائیں تو اسمبلی میں واپس آسکتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے اچھے تعلقات تھے، پتا نہیں کب اور کیسے خراب ہوئے، اپوزیشن سےزیادہ حکومت کواسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کی ضرورت ہوتی ہے، ہم اپوزیشن میں ہیں تو اپوزیشن میں رہتے ہوئے تعلقات کیسے ہو سکتے ہیں؟ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ حقیقت ہے، اس کے پاس تمام اختیارات ہیں۔