26 ستمبر ، 2022
پاکستانیوں میں تھائی لینڈ کی ثقافت اور روایات کے مختلف پہلو اجاگر کرنے کی غرض سے تھائی فیسٹیول اہتمام کیا گیا جس میں تھائی کلچر کے سبھی رنگ نظر آئے۔
لاہور کے مقامی مال میں تھائی فیسٹیول کا میلہ سجایا گیا جو لوگوں کی بڑی تعداد کی توجہ کا مرکز رہا۔
فیسٹیول کے دوران تھائی ڈانسرز نے لوگوں کے دل موہ لیے، زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کیلئے تھائی فنکاروں نے اپنے روایتی لباس اور مہارت کے ذریعے اپنے خوبصورت فن کا مظاہرہ پیش کر کے لوگوں سے خوب داد وصول کی۔
اس موقع پر پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر چیکرڈ کریشی وانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ دو برادر ممالک ہیں، پاکستان اور تھائی لینڈ کے برادرانہ تعلقات مضبوط اور کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔
فیسٹیول میں تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی مصنوعات، جیولری اور دیگر اشیا بھی رکھی گئیں تھیں جس میں لوگوں نے بہت دلچسپی لی۔