Time 26 ستمبر ، 2022
پاکستان

مبینہ بیٹی کو چھپانے کا کیس، عمران کی نااہلی کیلئے سماعت بغیر کارروائی ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پٹیشنر شہری محمد ساجد کی عمران خان نااہلی کیس میں دائر متفرق درخواست پر سماعت کی/فوٹوفائل
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پٹیشنر شہری محمد ساجد کی عمران خان نااہلی کیس میں دائر متفرق درخواست پر سماعت کی/فوٹوفائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کی درخواست پر سماعت 11 اکتوبر تک بغیر کارروائی کے  ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پٹیشنر شہری محمد ساجد کی عمران خان نااہلی کیس میں دائر متفرق درخواست پر سماعت کی ۔

 پٹیشنر کے وکیل حسنین علی رمضان نے کہا ہم نے پٹیشن میں وفاق کا ذکر کیا مگر اس کو پارٹی نہیں بنایا تھا،اب متفرق درخواست کے ذریعے وفاق کو بھی فریق بنانا چاہتے ہیں۔

 عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ  وفاق کو اس کیس میں فریق بنانے کی ضرورت کیا ہے؟ آج مرکزی کیس نہیں لگا ہوا کیونکہ کاز لسٹ کینسل ہو گئی تھی، صرف یہی متفرق درخواست عدالت کے سامنےہے، اسے بھی آئندہ کیس کے ساتھ فکس کر دیتے ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ فیصل واوڈا کیس بھی اسی نوعیت کا تھا، معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا، اس معاملے کو بھی وہاں کیوں نا بھجوائیں؟ اس سے پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی مطمئن کرنا ہو گا۔

 جسٹس عامر فاروق  کا اپنے ریمارکس میں مزید کہنا تھا کہ   عمران خان اب پبلک آفس ہولڈر نہیں جس پر وکیل نے کہا عمران خان کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں ہوا۔

 عدالت نےکہا عمران خان نے اپنا بیان حلفی الیکشن کمیشن کو دیا تھا، کیوں نا یہ معاملہ بھی الیکشن کمیشن ہو ہی بھجوا دیں؟ جس کے بعد عدالت نے  سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید خبریں :