26 ستمبر ، 2022
کراچی پولیس چیف جاوید اوڈھو کا کہنا ہےکہ شہرکا بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائمز ہیں، اسٹریٹ کرائمز کو روکنا ماڈرن پولیسنگ سیف سٹی منصوبے کے بغیر ممکن نہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی (کراچی پولیس چیف) جاوید اوڈھو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔
تاجروں سے خطاب میں جاوید اوڈھو کا کہنا تھا کہ کراچی کی اہمیت ملکی معیشت میں کلیدی ہے، شہر روزگار مہیا کرتا ہے اور ٹیکس آمدنی سے حکومتی ادارے چلتے ہیں۔
جاوید اوڈھو نےکہا کہ سیف سٹی منصوبہ کراچی میں قیام امن کی اہم ترین ضرورت بن گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے منظوری دے دی ہے، بارشوں کی وجہ سے سیف سٹی منصوبےکے افتتاح میں تاخیر ہوئی، جلد منصوبے پر کام شروع ہوکر دو سال میں مکمل ہوجائےگا۔