27 ستمبر ، 2022
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ آئی ایس آئی اور آئی بی وزیراعظم کی آڈیو لیکس سے متعلق کسی نتیجے پر پہنچ چکے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر وزیراعظم ہاؤس میں کوئی آلہ لگایا گیا ہے تو پھر یہ سیریس بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد آئے ، اس کا بندوبست کرلیا ہے ، اسے جگ میں بند کر کے اوپر سے ڈھکن بند کر دیں گے ، ریڈ زون کے تین مقامات کے علاوہ عمران خان اسلام آباد میں جہاں چاہے جلسہ کرسکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مریم نواز کی مبینہ آڈیو لیک میں عمران خان کو سزا سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ تو وہ 10 مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کو اگر لاڈلا نہ بنایا گیا تو توشہ خانہ کیس میں اسے سزا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آڈیو لیک پر بات تو کر رہا ہے مگر وہ القادر ٹرسٹ، توشہ خانہ اور فرح گوگی کا تو جواب دیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے ڈیٹا ہیک ہونے کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کا ڈیٹا ہیک ہونے کے معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا جبکہ جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی گزشتہ دنوں آڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد پی ایم ہاؤس کی سکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔