27 ستمبر ، 2022
ملک کے بیشتر شہروں میں دواؤں کی فراہمی اور قیمتیں معمول پر نہ آسکیں۔
لاہور کے بازاروں میں بخار کی دوا کے بعد کینسر سمیت کئی بیماریوں کی دواؤں کی کمی ہوگئی جب کہ کراچی میں بخار ، جسم کے درد ، ڈینگی اور ملیریا سمیت متعدد بیماریوں کی ادویات نایاب ہوگئی ہیں۔
دکانداروں کا دعویٰ ہے کہ دوا بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے مال نہیں دیا جارہا ہے، بخار، جسم درد، سردرد سمیت ڈینگی میں استعمال ہونے والی دوائیں بھی دستیاب نہیں ہیں۔
دکانداروں کے مطابق دوا ساز کمپنیاں زیادہ مال سیلاب متاثرین کی جانب منتقل کررہے ہیں جس سے مارکیٹ میں ادویات کی کمی ہوگئی ہے۔
دوسری جانب خریداروں کے مطابق کئی دکاندار منافع خوری کرکے ادویات زائد قیمتوں پر بھی فروخت کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے متعدد گوداموں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئی ہیں جن میں وافر مقدار میں ادویات کو تحویل میں لیا گیا ہے۔