دنیا
Time 28 ستمبر ، 2022

ریفرنڈم: پیوٹن جلد یوکرینی علاقوں کی روس میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن چند دنوں میں ماسکو کے زیرانتظام یوکرینی علاقوں کی روس میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے  بی بی سی کے مطابق برطانیہ کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ولادیمیر پیوٹن یوکرین کے مقبوضہ علاقوں کے روس میں الحاق کا اعلان چند دنوں میں کر سکتے ہیں۔ 

ماسکو کے زیرانتظام یوکرین کے چارریجن لوہانسک،ڈونیٹسک،خیرسون،زاپوریزیا میں روس میں شامل ہونے کیلئے ریفرنڈم ہواجو 5 دن تک جاری رہنے کے بعد منگل کو ختم ہوا۔

روس نے کہا کہ روسی سرزمین پر ہونے والے  ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ ان علاقوں کے ووٹرز نے الحاق کی زبردست حمایت کی ہے۔

روس کے سرکاری میڈیا کے مطابق امکان ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن جمعے کو  پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب  کے دوران یوکرینی علاقوں کے روس میں الحاق کا اعلان کریں گے۔

 دوسری جانب کیف اور مغربی ملکوں نے ریفرنڈم کو مسترد کردیا ہے۔یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ڈونیٹسک ریجن یوکرین کا ہی رہے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل  اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے مجوزہ ریفرنڈمز کی مذمت کرتے ہوئے  نتائج تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :