28 ستمبر ، 2022
چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ ہم نے نیوکلیئر سکیورٹی کو قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے جامع جوہری سکیورٹی نظام بنایا ہے اور پاکستان مزید جوہری توانائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ویانا میں 66 ویں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ( آئی اے ای اے) کی جنرل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن راجہ علی رضا انور نے کی۔
چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور کا جنرل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گرین ہاؤس گیسز کا اخراج محدود کرنےکے لیے پاکستان اقدامات کر رہا ہے، عالمی مسائل عالمی حل کے متقاضی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان مزید جوہری توانائی حاصل کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔
ڈاکٹر علی رضا انور نے مزید کہا کہ کووڈ 19 وبا نے دنیا کو زونوٹک بیماریوں کے بڑھتے خطرات سے آگاہ کر دیا ہے، ہم نے آئی اے ای اے کے تکنیکی تعاون پروگرام سے کافی فائدہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نیوکلیئر سکیورٹی کو قومی ذمہ داری سمجھتا ہے اور اسی مقصد کے لیے ہم نےجامع جوہری سکیورٹی نظام بنایا ہے اور جوہری سکیورٹی کے شعبوں میں عالمی ایجنسی کی مدد اور تعاون کو سراہتے ہیں۔