پاکستان
Time 29 ستمبر ، 2022

وزیراعظم کی کھانا پکانےکے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

عمران حکومت نے کورونا کے دوران عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا: شہباز شریف۔ فوٖٹو فائل
عمران حکومت نے کورونا کے دوران عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا: شہباز شریف۔ فوٖٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِاعظم کی زیر صدارت گیس کی صورتحال پر پیشگی لائحہ عمل کے لیے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ مملکت مصدق ملک اور  مشیر  احد چیمہ نے شرکت کی۔

اجلاس کو موسمِ سرما میں متوقع طلب و رسد اور موجودہ حکمتِ عملی اور آئندہ ماہ میں گیس فراہمی کے لیے مرتب پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیشِ نظر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے کورونا کے دوران عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا گزشتہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے، گزشتہ حکومت کی طرح بدانتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ہر شعبے پر خودکُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی، گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اعداد و شمار اور باتوں کے بجائے عملی و سنجیدہ اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

مزید خبریں :