,
Time 29 ستمبر ، 2022
پاکستان

کراچی: ایم کیو ایم کے ایم پی اے صداقت حسین کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ  (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی (ایم پی اے) صداقت حسین کےگھر کے دروازے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

جیو نیوز سےگفتگو میں رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کا کہنا تھا کہ جب واقعہ پیش آیا میں گھر پر نہیں تھا، میری بیگم نے مجھے فون کرکے اطلاع دی۔

صداقت حسین نے بتایا کہ کچھ لوگ گھر میں کاغذات تصدیق کرانے آئے تھے، میرے گھرکے دروازے پر ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنےکی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جو میرےگھر کے دروازے پر لگی، میں ایک ہفتے سے پولیس کو اپنے علاقے میں ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کا بتا رہا ہوں۔

اس حوالے سے  ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کا کہنا ہےکہ ہمیں فائرنگ کی اطلاع ملی ہے، اطلاعات کے مطابق گلی کے باہر واردات ہوئی۔

ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہےکہ پولیس حکام کوبھیجا ہے، احتیاطاًصداقت حسین کو 4 گن مین  فراہم کردیے ہیں، کچھ دیر میں پورا واقعہ واضح ہوجائےگا۔

خیال رہے کہ 2 سال قبل بھی اورنگی ٹاؤن میں ایم کیو ایم رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کے گھر کے باہر فائرنگ سے ان کے بھائی اور بہنوئی زخمی ہوگئے تھے۔

فائرنگ کے وقت صداقت حسین اپنے بھائی اور بہنوئی کے ساتھ گھرکے باہر بیٹھے تھے تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔

مزید خبریں :