01 اکتوبر ، 2022
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سینیئر کمانڈر علی موساوی ہلاک ہوگئے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سیستان بلوچستان صوبے کے کمانڈر علی موساوی کو ایران کے شہر زاہدان میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ۔
ایرانی سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق علی موساوی جمعے کو زاہدان شہر میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں سینے میں گولی لگنے سے ہلاک ہوئے۔
قبل ازیں جمعہ کو ایرانی سرکاری میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ مسلح افراد نے زاہدان میں ایک پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کی۔
پاسداران انقلاب سے متصل تسنیم نیوز نے علی موساوی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں پولیس کی زیرحراست مہسا امینی دل کا دورہ پڑنے سے 16ستمبر کو انتقال کرگئی تھیں۔ 22 سالہ مہسا امینی کو تہران میں اسکارف نہ پہننے پر حراست میں لیا گیا تھا۔
مہسا امینی کی زیرحراست ہلاکت کے خلاف ایران میں 14 روز سے مظاہرے جاری ہیں جس میں تقریباً 76 افراد ہلاک اور سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔