Time 01 اکتوبر ، 2022
کھیل

سالٹ نے پوری سیریز میں اتنے رنز نہیں بنائے جتنے آج بنا دیے،بیٹنگ کوچ محمد یوسف

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ  محمد یوسف کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ،کریڈٹ دینا ہو گا۔

انگلینڈ کے ہاتھوں چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد محمد یوسف نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فل سالٹ نے پوری سیریز میں اتنے رنز نہیں بنائے جتنے آج بنا دیے،ہمارے بولرز کے پاس کوئی جواب نہیں تھا ،انگلینڈ کے بیٹرز عمدہ کھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوس کا کردار تو ہے لیکن اس کو معذرت بنا کر پیش نہیں کیا جا سکتا، فل سالٹ نے سنبھلنےکا موقع ہی نہیں دیا،6 اوورز میں 82رنز بنا دیے۔

محمد یوسف نے کہا کہ انگلینڈ کا اسٹائل ہے کہ وہ اسٹرائیک ریٹ کم نہیں ہونے دیتے ،وہ اوپر سے تیز کھیلے اور میچ ہم سے لے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیٹرز بھی پاور پلے میں تیز رنز کی کوشش کر رہے ہیں، محمد حارث نوجوان بیٹر ہیں انہوں نے کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوئے۔ مڈل آرڈرز بھی اچھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  ایشیا کپ میں بھی بیٹرز نے ہی میچز جتوائے ہیں،مڈل آرڈر کو زیادہ ہٹ کیا جا رہا ہے، مڈل آرڈر رنز کر رہے ہیں اور میچز بھی جتوائے ہیں، ٹی وی پر بیٹھے پلئیرز بڑی خامیاں بتا رہے ہیں وہ ہمیں بھی بتائیں تو ہم انہیں ٹھیک کریں، شاید ان کی بتائی ہوئی باتوں کا فائدہ ہو اور مڈل آرڈر اچھا کرے۔

محمد یوسف نے کہا کہ توقع ہم سب کی یہی ہے کہ آخری میچ میں کامیابی حاصل کریں گے اور سیریز جیتیں گے۔

واضح رہے کہ 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-3 سے برابر کردی۔

پاکستان کا 170 رنز کا ہدف انگلش بیٹرز نے صرف 15 ویں اوورمیں پورا کرلیا، فل سالٹ نے 41 گیندوں پر 88 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

مزید خبریں :