Time 01 اکتوبر ، 2022
کھیل

بڑے گیمز میں اسکور کرنا پسند کرتا ہوں،انگلش کرکٹر سالٹ

فوٹو: جیونیوز
فوٹو: جیونیوز

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کی 8 وکٹوں سے جیت کے مرکزی کردار اور گیم چینجر فل سالٹ کا کہنا ہے کہ وکٹ اتنی سیدھی نہیں تھی، انگلینڈ کی جیت کا پلیٹ فارم ٹیم کے بولرز نے سیٹ کیا تھا۔

جیو نیوز کے سیگمنٹ گیم چینجر میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے 26 سالہ انگلش کرکٹر نے کہا کہ ان کے خیال میں چھٹے ٹی ٹوئنٹی کی وکٹ اتنی ہی اچھی تھی جتنی انہیں سیریز کے دیگر میچز میں ملی، اس وکٹ پر بولرز کیلئے بھی کچھ سپورٹ تھی، سلوور ون کام کررہا تھا، کہیں کہیں باؤنس مل رہا تھا اس لیے میں یہ نہیں کہوں گا کہ یہ بلکل سیدھا وکٹ تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ بولرز کو کریڈیٹ دیں گے، انگلینڈ کے بولرز نے زبردست کھیلا اور ٹیم کی جیت کیلئے پلیٹ فارم سیٹ کیا، بابر اعظم نے آخر میں اچھا کھیلا ورنہ ہماری کوشش تھی کہ دس ۔ پندرہ رنز کم میں محدود کرسکتے تھے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ میچ میں انگلینڈ کی حکمت عملی کیا تھی کیوں کہ یوں لگ رہا تھا کہ رنز بنانے کی رفتار کہیں سست نہیں کرنا تھی اور شروع ہی سے جارح مزاجی اپنائی گئی تو فل سالٹ نے کہا کہ’ ایمانداری کی بات ہے میں بڑے گیمز میں اسکور کرنا پسند کرتا ہوں، یہ بڑا گیم تھا، دو دن بعد ایک اور بڑا گیم ہے  اور جب بطور ٹیم آپ بڑے گیم کیلئے جاتے ہیں تو آپ کو ایک کھلاڑی درکار ہوتا ہے جو ذمہ داری لے، آج وہ کھلاڑی میں تھا اور یہی ہماری ٹیم کی اپروچ ہے، پہلے سے لے کر گیارہویں پوزیشن تک، جس کو موقع ملے وہ گیم فنش کرکے آئے۔‘

فل سالٹ نے 41گیندوں پر 88 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے ، جب فل سالٹ سے یہ معلوم کیا گیا کہ انہوں نے لنچ میں کیا کھایا تو ان کا کہنا تھا لنچ میں تو انہوں نے اسپیگیٹی کھائی تھی لیکن گزشتہ شب حارث رؤف نے انہیں لیمب(دنبہ) کھلایا تھا، شاید یہ حارث کے کھانے کا ہی اثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیریز تین ۔ تین سے برابر ہونے کے بعد آخری میچ کافی دلچسپ ہوگیا ہے، امید ہے آخری میچ میں بھی دلچسپ کراؤڈ ہوگا، ایسے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔ ان کی ٹیم کیلئے یہ میچ ایک عام میچ کی طرح ہی ہوگا جس میں فرق بس یہی ہوگا کہ فاتح ٹیم کو ایک ٹرافی ملے گی۔

لاہور کے کراؤڈ کی تعریف کرتے ہوئے فل سالٹ نے کہا کہ یہاں پی ایس ایل میں جب وہ قلندرز کیلئے کھیل رہے تھے تو اس وقت بھی فل ہاؤس کراؤڈ دیکھا، یہاں کے کراؤڈ کے سامنے کھیل کر ان کی عادت بگڑ رہی ہے، پاکستان میں فینز اچھی کرکٹ کو ہمیشہ سپورٹ کرتے ہیں۔

فل سالٹ کا شمار ان کرکٹرز میں ہیں جو انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز کھیل چکے ہیں، انہوں نے اسلام آباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کھیلنے کا تجربہ کارآمد تو ثابت ہوا لیکن پی ایس ایل میں ان کا رول مختلف تھا، اس وقت وہ آخر میں آکر ہٹنگ کرتے تھے جبکہ یہاں اس سیریز میں وہ یہ کام کر رہے ہیں جو وہ کافی عرصہ سے کرتے آئے ہیں، یعنی اننگز کا آغاز کرنا اور یہ تجربہ بھی کافی اچھا رہا۔

مزید خبریں :