01 اکتوبر ، 2022
کراچی میں نیشنل ہائی وے، لنک روڈ سے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے بھتہ لینے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہاد کے مطابق ملزمان نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر ٹینکرز اور ٹرالرز سے بھتہ وصول کرتے تھے، ملزمان اصلی پولیس اہلکار کی سربراہی میں جعلی پولیس پارٹی بنا کر میں کام کر رہے تھے۔
عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ کارروائی انٹیلی جنس اطلاع پر اس وقت کی گئی جب ملزمان ایرانی ڈیزل سے بھرے ٹرک سے بھتہ وصولی کر رہے تھے، گرفتار ملزمان میں پولیس اہلکار میر افضل، برہان، نزاکت اور سلیم شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 33 لاکھ بھتے کی رقم، اسلحہ اور کار برآمد کی گئی ہے، ملزمان کے خلاف ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن گلبہار رند کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔