Time 02 اکتوبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک کا ایک اور دلچسپ منصوبہ مکمل ہونے کے قریب

ایلون مسک انسان نما روبوٹ کو پیش کرتے ہوئے / اسکرین شاٹ
ایلون مسک انسان نما روبوٹ کو پیش کرتے ہوئے / اسکرین شاٹ

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے انسان نما روبوٹ آپٹیمس کے پروٹوٹائپ ماڈل کو متعارف کرا دیا ہے۔

گزشتہ دنوں ٹیسلا کے اے آئی ڈے ایونٹ کے موقع پر دنیا کے امیر ترین فرد نے اس روبوٹ کو پیش کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ روبوٹ کے کاروبار کی اہمیت گاڑیوں سے بھی زیادہ ہے۔

روبوٹ کے پروٹوٹائپ ماڈل نے ایونٹ کے دوران اسٹیج پر چل کر دکھایا اور وہاں موجود افراد کی جانب ہاتھ لہرایا۔

ایلون مسک نے کہا کہ ہمارا مقصد جلد از جلد انسان نما روبوٹ تیار کرنا ہے، ابھی بھی روبوٹ کو بہتر بنانے کے لیے کافی کام کرنا باقی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی دنیا میں تیار ہونے والے اس طرح کے انسان نما روبوٹس ' دماغ سے محروم ہیں، ان میں دنیا میں خود گھومنے کے لیے ذہانت موجود نہیں جبکہ ان کی تیاری کافی مہنگی ہے۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ آپٹیمس بہت زیادہ باصلاحیت روبوٹ ہے جس کو بہت زیادہ تعداد میں تیار کیا جاسکتا ہے اور اس کی مالیت بھی ایک گاڑی سے کم ہوگی۔

ایلون مسک نے 2021 میں اے آئی ڈے ایونٹ کے موقع پر انسان نما روبوٹس تیار کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

اگست 2021 کے ایونٹ کے موقع پر ایلون مسک نے کہا تھا کہ ان روبوٹس کو گھروں میں دوست یا ملازم کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'ٹیسلا دنیا کی سب سے بڑی روبوٹیکس کمپنی ہے کیونکہ ہماری گاڑیاں بھی روبوٹس جیسی ہیں'۔

ٹیسلا کی ویب سائٹ میں اس نئے روبوٹ کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا جبکہ مشکل اور لوگوں کے لیے بیزار کن کام کرسکے گا۔

مزید خبریں :