02 اکتوبر ، 2022
بھارت میں 'یوٹیوب ولیج ' کے نام سے مشہور ایک ایسا گاؤں ہے جہاں ہر تیسرا فرد یوٹیوب پر ویڈیو اپ لوڈ کرکے پیسا کماتا ہے۔
آج کل آن لائن ویڈیو کانٹینٹ کہیں زیادہ مقبول ہے اوریہ حیرت کی بات نہیں کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ ویڈیوز بناکر پیسا کمارہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی چھتیس گڑھ ریاست کا ایک چھوٹا سا گاؤں تلسی 'یوٹیوب ولیج' کے نام سے جانا جاتا ہے کیونکہ اس کی ایک تہائی آبادی گزبسر کرنے کے لیے یوٹیوب ویڈیوز بناتی ہے۔
اس گاؤں کی آبادی تقریباً 3 ہزار ہے جس میں ہر تیسرا فرد ویڈیوز بناکر یوٹیوب پر اپ لوڈ کرکے پیسا کماتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارت کے یوٹیوب ولیج کی کہانی دو دوستوں، گیانیندر شکلا اور جے ورما سے شروع ہوئی تھی، جنہوں نے ویڈیوز بنانے کے لیے نیٹ ورک انجینئر اور ٹیچر کی نوکریاں چھوڑ دی تھیں۔
دونوں نے محنت کرکے کچھ وقت باد کافی پیسہ کمانا شروع کر دیا تو ان کی کامیابی کی کہانی پورے گاؤں میں پھیل گئی جس کے بعد دوسرے لوگوں نے بھی ان کے نقش قدم پر چلنا شروع کردیا۔
گیانیندر شکلا کا کہنا ہے کہ 2011 -12 میں یوٹیوب کا نیا ورژن لانچ کیا گیا۔ اس وقت یوٹیوب پر بہت کم چینلز تھے۔ میں اپنی 9 سے 5 کی نوکری سے مطمئن نہیں تھا، اس لیے میں نے نوکری چھوڑ ی اور یوٹیوب پر ویڈیوز بناکر اپ لوڈ کرنا شروع کردیں۔
گاؤں کی تقریباً 40 فیصد آبادی اب یوٹیوب، ٹک ٹاک یا انسٹاگرام جیسے پلیٹ فارمز کے لیے ویڈیوزبنانے میں مصروف ہے، جس میں سب سے چھوٹی 15 سال لڑکی اور سب سے معمر 85 سالہ دادی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق تلسی گاؤں کے تقریباً 40 یا اس سے زیادہ ایسے یوٹوب چینلز موجود ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔