06 اگست ، 2021
انٹرنیٹ کی سب سے مقبول ویڈیو شیئرنگ اور اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم پر نئے چینل بنانے والے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر ’آن دی رائز ‘متعارف کرایا ہے۔
یوٹیوب نے ایک ہزار سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے چینلز کو مقبول بنانے کے لیے ایک پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے، اس پروگرام کے بعد چھوٹے یوٹیوبرز کو پلیٹ فارم پر مقبول ہونے کے لیے جدوجہد نہیں کرنی پڑے گی کیوں کہ یوٹیوب اب یہ ذمہ داری خود اٹھائے گا۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہےکہ آج سے ہم ان تخلیق کاروں کو اجاگر کریں گے جو پاکستان میں ہمارے ٹرینڈنگ ٹیب کے ایک نئے سیکشن میں’ آن دی رائز‘ ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ہر ہفتے ایک مختلف کریئٹر کو اجاگر کیا جائے گا اور ’کریئٹر آن دی رائز ‘بیج کے ساتھ پورا دن کریئٹر کو ٹرینڈنگ پر نمایاں کیا جائے گا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایک ہزار سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والا کوئی بھی کریئٹر پلیٹ فارم پر نمایاں ہونے کا اہل ہوگا۔
نئے فیچر آن دی رائز کے تحت کریئٹرز کو متعدد عوامل کی بنیاد پر نمایاں کیا جائے گا لیکن یہ عوامل ویوز، واچ ٹائم اور بڑھنے والے سبسکرائبرز کی حد سے بالاتر ہوں گے۔
یوٹیوب کا مزید کہنا ہے کہ مستقبل میں اس فیچر کو مزید زبانوں میں متعارف کروایا جائے گا۔