Time 04 اکتوبر ، 2022
دنیا

آیت اللہ خامنہ ای نے حالیہ فسادات کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو قرار دے دیا

فوٹو: آیت اللہ خامنہ ای فائل
فوٹو: آیت اللہ خامنہ ای فائل

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ مہسا امینی کی موت سے میرے دل کو گہرا صدمہ پہنچا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے  مطابق گزشتہ روز ایرانی فورسز کے کیڈ ٹس سے خطاب کرتے ہوئے  آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ مہسا امینی کی موت کو دشمنوں نے اشتعال انگیزی کے لیے استعمال کیا، ایرانی عوام کی حفاظت یقینی بنانا سکیورٹی فورسز کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے ایرانی عوام کو غیر محفوظ کر رہے ہیں، حالیہ واقعات میں سکیورٹی فورسز اور ایرانی عوام کے ساتھ غلط ہوا،کچھ لوگ سڑکوں پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت بد امنی پھیلا رہےہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران کے حالیہ فسادات ہمارے دشمنوں امریکا اور اسرائیل کی منصوبہ بندی ہے، بدامنی کو ہوا دینے والے سخت قانونی کارروائی اور سزا کے مستحق ہیں۔

واضح رہے کہ مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ایران میں 17 روز سے مظاہرے جاری ہیں، انسانی حقوق گروپ کے مطابق مظاہروں میں 133 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی حکومت نے سکیورٹی اہلکاروں سمیت 40 سے زائد افراد کے ہلاک ہونےکا بتایا ہے۔

یاد رہے کہ مہسا امینی کو اسکارف پابندی قانون کی خلاف ورزی پر 13 ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا تاہم وہ 16ستمبرکو پولیس کی حراست میں دل کادورہ پڑنے سے انتقال کر گئی  تھیں۔

مزید خبریں :