Time 04 اکتوبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل میں نوکری چاہیے؟ سی ای او نے خواہشمند افراد کیلئے 4 لازمی خوبیاں بتا دیں

فوٹو:ایپل سی سی او
فوٹو:ایپل سی سی او 

 پڑھے لکھے انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنیاں گوگل، ایپل یا مائیکروسافٹ میں ملازمت کرے تاہم ان نوکریوں کے لیے وہ کتنے اہل ہیں  اس کا اندازہ کرنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔

تاہم اس مشکل کو  امریکی ٹیکنا لوجی کمپنی ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) ٹم کُک نے آسان کردیا ہے۔

حال ہی میں انہوں نے بتایا ہے کہ وہ کمپنی کے لیے ملازمت پر رکھنے والے ملازمین میں کونسی خوبیاں تلاش کرتے ہیں، تو اگر آپ میں یہ خوبیاں ہیں تو آپ بھی ایپل جیسی بڑی کمپنی میں نوکری حاصل کرسکتے ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک اطالوی یونیورسٹی کے افتتاحی تقریب کے دوران  دیے گیے انٹرویو میں ٹم کُک نے کہا کہ ایپل کی کامیابی کا براہ راست تعلق اس کی ثقافت سے ہے۔ 

اسی انٹرویو کے دوران ایپل کے سی ای او نے ان خصوصیات کے بارے میں بات کی جو کمپنی ملازمت دیتے وقت اپنے  امیدواروں میں دیکھتی ہے۔

وہ کون سی خوبیاں ہیں جو ایپل کسی امیدوار کو نوکری دیتے  وقت اس میں تلاش کرتی ہے؟

باہمی تعاون کیساتھ کام کرے

ٹم کک نے کہا کہ چونکہ ایپل اپنی مصنوعات مشترکہ کوششوں سے بناتا ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ کمپنی کا ہر ایک ملازم  باہمی تعاون اور مل جل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرے۔

تخلیقی صلاحیت 

ایپل کے سی ای او نے کہا کہ کمپنی ان لوگوں کو تلاش کرتی ہے جو مختلف سوچتے ہیں۔ جو کسی مسئلے کو مختلف طریقے سے حل کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں ۔اس کے علاوہ ان میں کچھ نیا کرنے کی جستجو ہو۔

تجسس کے حامل افراد

اس کے علاوہ کُک نے کہا کہ وہ ایسے لوگوں کو پسند کرتے ہیں جو بچوں کی طرح سوال کرتے ہیں، وہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کے لیے تجسس میں لگے رہتے ہیں۔

اپنے کام میں مہارت رکھنے والے افراد

آخر میں کک نے بتایا کہ ایپل کمپنی چاہتی ہے کہ وہ متعلقہ شعبے میں  مہارت رکھنے والے افراد کو اپنی ٹیم میں شامل کرے۔ایسے ملازمین جو اپنے کام میں مکمل مہارت رکھتے ہوں وہ ہماری کمپنی کے ساتھ اچھا کام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین میں یہ خوبیاں ہوں تو کمپنی اچھے ماحول میں بہتر کام کرتی ہے۔

مزید خبریں :