05 اکتوبر ، 2022
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے آئین تقاضہ کرتا ہے کہ جو نیوٹرل ادارے ہیں اُن کو جانور نہ کہا جائے ۔ اُن کو میر جعفر اور میر صادق نہ کہا جائے اور غداری کے الزامات نہ لگائے جائیں ۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر آج عمران خان آئین کی پاسداری کی قسم دے رہے ہیں تو انہیں تحریک عدم اعتماد کو تسلیم کرنا پڑے گا ۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دان کے لیے ایک مدت کی نا اہلی بہت ہوتی ہے ۔ تاحیات نااہلی نہیں ہونی چاہیے ۔ جن لوگوں کو صادق اور امین قرار دیا گیا اُن کی ہی وجہ سے آج پاکستان کا یہ حال ہے، صادق اور امین کا لفظ ہم گناہ گاروں کے لیے استعمال نہیں ہوسکتا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج عمران خان نے اپنے کارکنوں سے آئین کی پاسداری کا جو حلف لیا وہ اُن کے اقتدار سے مشروط ہے۔عمران کے خیال میں آئین کی تشریح جو وہ کرتے ہیں بس اُس کی حفاظت ہونی چاہیے۔