کھیل
Time 05 اکتوبر ، 2022

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بمراہ کی جگہ کون لے گا؟ بھارتی کوچ اور کپتان نے واضح اشارہ دیدیا

بھارت کے پاس جسپریت بمراہ کے متبادل کھلاڑی کا اعلان کرنے کے لیے 15 اکتوبر تک کا وقت موجود ہے۔ فوٹو فائل
بھارت کے پاس جسپریت بمراہ کے متبادل کھلاڑی کا اعلان کرنے کے لیے 15 اکتوبر تک کا وقت موجود ہے۔ فوٹو فائل

بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی جگہ لینے والے بولر کے بارے میں گفتگو کی ہے۔

جسپریت بمراہ کمر کی تکلیف کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہو چکے ہیں اور بھارت کے پاس ان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان کرنے کے لیے 15 اکتوبر تک کا وقت موجود ہے۔

تاہم بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے جسپریت بمراہ کی جگہ لینے والے بولر سے متعلق واضح اشارہ دیا ہے۔

ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق راہول ڈریوڈ اور روہت شرما نے فاسٹ بولر محمد شامی کو بمراہ کے متبادل کے طور پر پہلے نمبر پر رکھا ہے۔

محمد شامی نےآخری مرتبہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی، وہ کووڈ کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے اور ابھی حال ہی میں جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے تاہم ان کا نام ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہے۔

اس حوالے سے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہول ڈریوڈ کا کہنا تھا کہ بلا شبہ محمد شامی ہمارے اسٹینڈ بائی میں شامل ہیں لیکن ہمارے پاس سوچ بچار کے لیے 15 اکتوبر تک کا وقت موجود ہے، وہ ابھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی نہیں پتہ کہ کسے ٹیم میں شامل کیا جائے گا لیکن ہمیں آسٹریلیا میں تجربہ کار فاسٹ بولر کی ضرورت ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان کا اشارہ بھی واضح طور پر محمد شامی کی طرف جاتا ہے کیونکہ وہ آسٹریلیا میں متعدد سیریز کھیل چکے ہیں، شامی آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :