07 اکتوبر ، 2022
پاکستان ویمن ٹیم کی سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اس طرح دلیری سے کھیلنے کی ضرورت ہے، ندا ڈار نے ماسٹر کلاس ٹی ٹوئنٹی اننگز کھیلی۔
سلہٹ میں ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف 13 رنز سے جیت کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں عروج ممتاز نے کہا کہ ایک روز قبل تھائی لینڈ کے خلاف جس طرح پاکستان ٹیم ناکام ہوئی تھی اس سے افسوس ہوا تھا لیکن بھارت کے خلاف ٹیم نے شاندار کم بیک کیا ۔
انہوں نے ندا ڈار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ندا ڈار نے شاندار اننگز کھیلی، جس طرح ندا نے کھیلا، ہمیں ایسے ہی کھیل کی ضرورت ہے ،ان کی اننگز ٹی ٹوئنٹی کی ایک ماسٹر کلاس اننگز تھی،عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ ایک موقع پر پاکستان 33 رنز پر تین پلیئرز سے محروم ہوچکا تھا ایسے میں ندا ڈار نے کپتان کے ساتھ زبردست شراکت لگائی اور اپنے اسٹروکس بھی کھیلے۔
پاکستان کی جانب سے 38 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی عروج ممتاز نے کہا کہ بھارت کیلئے ان کنڈیشنز میں 138 کا ٹارگٹ مشکل ہونا تھا کیوں کہ پاکستان کی بولنگ لائن اپ کافی مضبوط تھی ۔ انہوں نے کہا کہ فائنل الیون میں سعدیہ اقبال کے آنے سے بھی کافی فرق پڑا۔
سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی اسپنرز نے جس انداز میں میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی اس نے بھارت کو کسی بھی موقع پر میچ میں حاوی نہ ہونے دیا، اس پر اسکور بورڈ کا بھی پریشر رہا اور وکٹیں بھی گرتی رہیں،آخر میں رچا گوش نے ہٹس لگاکر کوشش کی لیکن پاکستان کے بولرز کے پاس دفاع کرنے کو کافی رنز تھے۔
عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو اس ہی انداز اور دلیری کی کرکٹ کھیلنی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے پاس ایشیا کپ جیتنے کا بہترین موقع ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کو ایشیا کپ ویمن ٹی ٹوئنٹی کے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 13 رنز سے شکست دی۔
پاکستان ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے ایشیا کپ میں گرین شرٹس کی جانب سے بھارت کے خلاف ویمن ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا اسکور بنا یا۔
انہوں نے 56 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی،اس سے قبل ویمن ٹی ٹوئنٹی میں کسی پاکستانی بیٹر کا سب سے بڑا اسکور 53 رنز تھا جو بسمہ معروف نے 2018 میں بنایا تھا۔